ٹیم اچھا کر رہی ہے لیکن کنڈیشن ہمارے حق میں نہیں جا رہی: ہیڈ کوچ

پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ اچھا پرفارم کر رہی ہے اور اچھا ٹوٹل پوسٹ کر رہی ہے مگر بولرز سے کوشش کے باوجود پرفارم نہیں ہو پا رہا۔
پشاور زلمی کے خلاف میچ میں کوئٹہ کی شکست کے بعد معین خان نے کہا کہ وہ اس بات سے متفق نہیں کہ انیسویں اوور میں میچ ہارے اور فیلڈنگ کی کوتاہیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی اچھا کھیل رہے تھے، ان کا کیچ ڈراپ کیا، پھر رن آوٹ مس کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے میچز میں فیلڈنگ کا کردار اہم ہوتا ہے اس لیے ہمیں فیلڈنگ بہتر کرنا ہو گی، ٹورنامنٹ میں دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم اچھا کر رہی ہے ایسے میں فیلڈنگ کا کردار کافی اہم ہو جاتا ہے۔
معین خان کا کہنا تھا کہ گلیڈی ایٹرز ہر میچ میں اپنی جانب سے پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن کنڈیشن ہمارے حق میں نہیں جا رہی، جب گیند گیلا ہو جاتا ہے تو مشکل ہوتی ہے لیکن ایسے میں بولرز کو تھوڑی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بولنگ میں ورائٹی لانا ہوتی ہے، بطور کوچ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ بولرز کا مورال گرنے نہ دیں۔
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
ہیڈ کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم کے کپتان اور وکیٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سرفراز ایک شاندار پروفیشنل کرکٹر ہیں اور جب بھی ٹیم کو ضرورت ہوئی ہے سرفراز نے پرفارم کرکے دیا ہے، پاکستان ہو یا گلیڈی ایٹرز، ان کی صلاحتیوں پر کسی کو شک نہیں، وہ یہاں وہاں کی ہٹنگ نہیں کرتے بلکہ پراپر شاٹس کھیلتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں