کبڈی کے بعد کرکٹ میچ بھی گجرات میں کرائیں گے چوہدری پرویز الہی

گجرات۔ (جہانزیب اکرم سے)شہیدوں اور بہادروں کی سرزمین پر ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 2020کے سنسی خیز مقابلے میں پاکستان،آذربائیجان کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ انڈیا نے انگلینڈ کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لی، گجرات کے تاریخی ظہور الہی اسٹیڈیم میں کبڈی میچز دیکھنے کیلئے ہاوس فل تھا جبکہ، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی، صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین مہمانان خصوصی تھے جبکہ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن زاہد اختر زمان، آر پی او طارق عباس قریشی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او سید توصیف حیدر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ گجرات کی سرزمین پر عالمی نوعیت کے پہلے مقابلے میں پہلا ٹاکر ا پاکستان اور آذر بائیجان کی ٹیم کے درمیان ہوا جو پاکستانی ٹیم نے جیت لیا پاکستانی ٹیم نے 40، آذر بائیجان کی ٹیم نے 30پوائنٹس حاصل کئے، دوسرے مقابلے کی فاتح ٹیم انڈیا نے43 پوائنٹس حاصل کئے، مد مقابل انگلینڈ کی ٹیم26 پوائنٹس حاصل کر سکی، یوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے ورلڈ کپ کبڈی2020کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ میچ سے قبل خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے گجرات کی سرزمین انٹر نیشنل ٹیموں کو خوش آمدید کہا، انکا کہنا تھا کہ گجرات کے لوگ طویل عرصہ سے ایسے مقابلوں کے منتظر تھے،ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کا شیڈول فائنل ہونے لگا تو تجویز دی تھی گجرات میں بھی مقابلے ہونے چاہیں، آج شائقین نے بڑی تعداد میں ان میچز کو دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم آکر ثابت کر دیا ہے کہ گجرات کے لوگ کبڈی سے محبت کرتے ہیں اور یہاں مقابلوں کا فیصلہ درست تھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ دنیا کو پرامن

پاکستان اور گجرات سے روشناس کرانے کیلئے آئند ہ انٹر نیشنل کرکٹ میچز بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اس سے قبل مہمان خصوصی کا پاکستان، آذربائیجان، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کیساتھ تعارف کرایا گیا، سکولوں کے بچوں نے ملی نغموں پر خوبصورت پرفارمنس دی جبکہ شائقین سے کھچا کھچ بھرا چوہدری ظہور الہی اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں