حارث رؤف نے آسٹریلین بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا

https://twitter.com/BBL/status/1214827452859445249آسٹریلین ٹی20 لیگ ‘بگ بیش’ میں حارث رؤف کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا اور آسٹریلین لیگ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی باؤلر بن گئے۔

بگ بیش میں ڈیل اسٹین کے انجری کا شکار ہونے پر میلبرن اسٹارز نے حارث رؤف کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی نمائندگی کر کے شہرت حاصل کرنے والے حارث رؤف اب اپنی عمدہ باؤلنگ کے ساتھ بیرون ملک بھی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

حارث رؤف نے پہلے میچ سے ہی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچوں میں اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

پہلے میچ میں دو وکٹیں لینے کے بعد اگلے میچ میں وہ بہترین فارم میں نظر آئے اور پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

مزید پڑھیں: حارث رؤف کی آسٹریلین بگ بیش لیگ میں تباہ کن باؤلنگ

اس کے بعد اسٹین انجری سے صحتیاب ہوئے تو حارث رؤف کو اگلے دونوں میچوں میں آرام کرا دیا گیا جس میں سے ایک میں میلبرن اسٹارز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

دو میچوں کے بعد میلبرن اسٹارز نے ایک مرتبہ پھر حارث کو موقع دینے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے بعد میلبرن اسٹارز نے حارث کو مزید ایک میچ میں آرام کرا دیا اور اس کے بعد آج سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ میں انہیں دوبارہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔

پاکستانی اسٹار نے ایک مرتبہ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار تین گیندوں پر سڈنی تھنڈرز کے میتھیو گلکس، کلم فرگیوسن اور ڈینیئل سیمز کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں